ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نیشنل ہائی وے کا غیر سائنٹفک کام - این ای سی ایف نے مرکزی وزیر گڈکری کو بھیجا شکایتی مراسلہ

نیشنل ہائی وے کا غیر سائنٹفک کام - این ای سی ایف نے مرکزی وزیر گڈکری کو بھیجا شکایتی مراسلہ

Sun, 21 Jul 2024 13:55:25    S.O. News Service

منگلورو 21 / جولائی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے کے مختلف مقامات پر چٹانیں اور زمین کھسکنے کے جان لیوا حادثات کے لئے شاہراہوں کے غیر سائنٹفک توسیعی کام کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے نیشنل اینوائرنمنٹ کیئر فیڈریشن (ین ای سی ایف) نے مرکزی وزیر برائے بری نقل و حمل نتین گڈکری کئی اہم سرکاری افسران کو شکایتی مراسلہ بھیجا ہے ۔

نتین گڈکری کے علاوہ  مرکزی حکومت کے چیف سیکریٹری، منسٹری آف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے چیف سیکریٹری، نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے چیرمین  کو بھیجے گئے اس مراسلے میں نیشنل ہائی وے کے غیر سائنٹفک توسیعی کام کی وجہ سے پیش آ رہی بد ترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اس معاملے میں فوری مداخلت کی مانگ کی گئی ہے ۔ 

این ای سی ایف کے سیکریٹری ششی دھر شیٹی کی دستخط سے بھیجے گئے اس مراسلے میں ملک گیر پیمانے پر ہو رہے پہاڑیاں اور چٹانیں کھسکنے کے المناک حادثات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گھاٹ اور پہاڑوں والے ماحولیاتی طور پر حساس علاقوں میں غیر سائنٹفک انداز اور سرنگوں کی تعمیر، شاہراہوں کی توسیع جیسی بے لگام تعمیراتی سرگرمیاں اس بد ترین صورتحال کی ذمہ دار ہیں ۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آج کل جو حادثات ہو رہے ہیں وہ ان علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں سے پہلے ضروری تکنیکی تحقیقات نہ کرنے اور نیشنل گرین ہائی وے پالیسی کا پوری طرح اطلاق نہ کرنے کا نتیجہ ہے ۔ اس طرح کی کوتاہی سے تباہ کن حادثے پیش آ رہے ہیں اور این ایچ اے آئی کی طرف سے ان مسائل کو حل کرنے کی سمت میں کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ این ایچ اے آئی کے افسران، انجینئرس اور ٹھیکیدار کمپنیاں کسی قسم کے جرمانے اور اپنی ذمہ داریوں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو رہی ہیں ۔ 

مراسلے می مطالبہ کیا گیا ہے کہ چٹانوں کے کھسکنے ، شاہراہوں کے گڈھوں اور اسی قبیل کی دوسری وجوہات سے  پیش آنے والے ان حادثات میں ہو رہی  اموات کے لئے این ایچ اے آئی کے متعلقہ انجینئرں، ٹھیکیداروں اور افسران کو ذمہ دارقرار دیا جائے اور مرنے والوں کو فی کس 5 کروڑ روپے معاوضہ ان کی اپنی تنخواہوں سے دینے کا پابند کیا جائے اور اس کے لئے ٹیکس دہندگان کی رقم کسی حال میں استعمال نہ کی جائے ۔


Share: